نئی دہلی :30؍دسمبر(ایس اؤ نیوز )کانگریس پارٹی کے قومی صدر ملیکارجن کھرگے نے بی جے پی اور آر ایس ایس پر کڑا وار کرتےہوئے کہا کہ ملک میں خوف کا ماحول ہے اور یہ ماحول ان لوگوں نے پیدا کیا ہے جنہوں نے خوف کے مارے خود انگریزوں کے ساتھ کام کیا تھا۔
کانگریس کے صدر نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کو بزدل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خوف کی وجہ سے ہی انہوں نے انگریزوں کا ساتھ دیا تھا اور اب ان کی حکومت پچھلے 10 برسوں سے اقتدار میں ہے اور اب وہ ملک کے لوگوں کو پریشان کر رہی ہے۔کھرگے کاکہنا ہے کہ بی جے پی-آر ایس ایس ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں، اس لئے ان سے چھٹکارا حاصل کرنا ضروری ہے۔
کانگریس صدر کھرگے نے کہاکہ 'کانگریس پارٹی مودی، بی جے پی،آر ایس ایس سے نہیں ڈرتی۔ بی جے پی، آر ایس ایس بزدل ہیں۔ یہ لوگ ڈر کے مارے انگریزوں کے ساتھ کام کرتے تھے، یہ لوگ ڈر کے مارے معافی نامہ لکھتے تھے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس پچھلے دس سالوں سے ملک کے لوگوں کو پریشان کر رہے ہیں۔ اگر آر ایس ایس کی حکومت کو نہ روکا گیا تو ملک تباہی کی طرف جائے گا۔